Recent News

گلگت۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان صوبے بھر میں جاری بارشوں کے حوالے سے گلگت بلتستان جی بی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، محکمہ مواصلات و تعمیرات سمیت تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

گلگت۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان صوبے بھر میں جاری بارشوں کے حوالے سے گلگت بلتستان جی بی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، محکمہ مواصلات و تعمیرات سمیت تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہوں کی بحالی سمیت کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔ وزیر اعلی نے سیاحوں سمیت عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ بارشوں کے موسم میں پہاڈی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

08:03:08 AM 29 August, 2024

گلگت۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے متاثرین ایئرپورٹ کے دھرنے سے خطاب

گلگت۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے متاثرین ایئرپورٹ کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین ایئرپورٹ کا مسئلہ 70سالوں سے حل طلب ہے۔ صوبائی حکومت نے اس مسئلے کوحل کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے مختلف فورمز پر رابطہ کیا ہے۔ متاثرین کے جائز مطالبات کے حل کیلئے وفاقی حکومت کو خصوصی مراسلہ بھی تحریر کیا ہے۔ دھرنے میں موجود تمام متاثرین ہمارے بھائی ہیں۔ آپ کے مشکلات کا ہمیں احساس ہے۔ وزیر اعظم کے متوقع دورہ گلگت کے موقع پر متاثرین کی ملاقات کا بندوبست کیا جائے گا تاکہ آپ کے جائز مطالبات حل ہوسکے۔ وفاقی سطح پر بھی متاثرین ایئرپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں صوبائی وزیر قانون اور سیکریٹری قانون شامل ہیں۔

07:58:53 AM 29 August, 2024

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے زیر صدارت گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے پہلے اجلاس میں محکمہ برقیات کے 7منصوبوں کی منظوری دی

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے زیر صدارت گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے پہلے اجلاس میں محکمہ برقیات کے 7منصوبوں کی منظوری دی جن کی لاگت 6ارب 56 کروڑ 39 لاکھ 37ہزار ہے اور اجلاس میں محکمہ مواصلات و تعمیر ات عامہ کے4منصوبوں کی منظوری دی جن کی مجموعی لاگت 2 ارب 20 کروڑ 85 لاکھ ہے۔ اجلاس میں 3.5میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ہمرن بلچھار بگروٹ منصوبے کی ریویجن جس کی لاگت 99 کروڑ 82لاکھ 77ہزار ہے محکمے کی جانب سے پیش کیا گیاجس پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے منصوبے کا سائٹ وزٹ کرنے اور اس منصوبے کے حوالے سے انکوائری کو جلد مکمل کرنے سے مشروط منظوری دی ۔ 3.5 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ مقپون برج تا(2میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سوق اور ایک میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کچوار سکردو موڈیفیکیشن) کا منصوبہ پیش کیا گیا جس پر فورم نے 2 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ سوق کی منظوری دی جس کی لاگت 99 کروڑ 99لاکھ 64ہزار ہے، 2میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ اشکومن غذر لاگت 97 کروڑ78لاکھ 49ہزار فورم میں پیش کیا گیا جس پر منصوبے کے اضافی کام کو ری ٹینڈر کرکے مکمل کرنے کی منظوری دی گئی، 2میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ لچھت لاگت 86کروڑ 65 لاکھ 26 ہزار فورم میں پیش کیا گیا جس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ایک میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ بلغار ڈوغنی جی بی اے 22 گانچھے۔ 1(فیزI سول ورک) لاگت 65کروڑ 64 لاکھ 21ہزارکا منصوبہ پیش کیا گیاجسے منظور کیا گیا، اجلاس میں ایک میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ہائیڈل سٹیشن شگر فیزIIتا 1.5 میگاواٹ فیزIجی بی اے 12شگرلاگت 52 کروڑ 48 لاکھ کا منصوبہ فورم میں پیش کیا گیا جس کی منظوری دی گئی، 3میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ مہدی آباد فیزIIIکھرمنگ لاگت 1 ارب 54کروڑ 37ہزار کو فورم میں پیش کیا گیا جس کی سی ڈی ڈی ڈبلیو پی سے حتمی منظوری کیلئے سفارش کی گئی۔ اجلاس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کی جانب سے بلتستان ریجن میں معلق پلوں کی آر سی سی پلوں میں تبدیلی کے منصوبے کی ریویجن کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کی لاگت 54 کروڑ 59 لاکھ ہے جسے منظور کیا گیا۔ گلگت بلتستان میں زمینوں کے معاوضوں کی ادائیگی کا منصوبہ لاگت 67 کروڑ 61لاکھ پیش کیا گیا جس کی منظوری دی گئی۔ آر سی سی پل ڈگری کالج ہاتون غذر کے ریویجن کا منصوبہ فورم میں پیش کیا گیا جس کی لاگت 49 کروڑ 38 لاکھ ہے جس کی فورم نے منظوری دی۔ چھومک پل تا لمسہ شگر روڈ کے ریویجن کا منصوبہ لاگت 49 کروڑ 27 لاکھ جس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہاکہ اے ڈی پی اور پی سی 1 کی رقم میں بہت زیادہ فرق موجود ہے۔ مستقبل کیلئے ایسی حکمت عملی مرتب کی جائے جس کے تحت اس تفریق کو برابر کیا جا سکے۔ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے 3 سے 5 سال کی مدت مقرر ہوتی ہے۔ منصوبوں کو مقررہ مدت میں ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ منصوبوں میں تاخیر سے قومی خزانے کو نقصان پہنچتا ہے اور عوام بھی ان منصوبوں کے ثمرات سے محروم رہتے ہیں۔ترقیاتی منصوبوں میں محکموں کی جانب سے پی سی 1 کے علاوہ اضافی کام شامل کیا جاتا ہے جو غیر قانونی ہے۔ اضافی کام کو شامل کرنے سے اصل منصوبہ التواء کا شکار ہوتا ہے۔ لہٰذا اس کی حوصلہ شکنی کرنے کیلئے تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ منصوبوں کے پی سی 1 میں کنسلٹنسی کے نام پر خطیر رقم مختص کی جاتی ہے جس کی وضاحت درکار ہے۔ متعلقہ محکموں کی جانب سے مناسب اور حقائق پر مبنی فزیبلٹی تیاز نہ کرنے اور کاسٹ اسٹیمیٹ / کیش پلان اور ورک پلان پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے اکثر منصوبوں کو ریویجن درکار ہوتا ہے۔ لہٰذا محکموں کو پابند کیا جائے کہ فزیبلٹی اور پی سی 1 حقائق پر مبنی ہوں۔ زمینوں کے معاوضوں میں اضافے کی وجہ سے بھی اکثر منصوبوں کو روائز کرنا پڑتا ہے۔ منصوبوں کیلئے درکار زمینوں کے حصول کیلئے تعین کردہ TORS کے تحت سائٹ سلیکشن سیکشن 4 کا نفاذ اور زمین کے حصول کے عمل کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق یقینی بنایاجائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ برقیات کے منصوبوں میں دیکھا گیا ہے کہ بیشتر منصوبے ناقص منصوبہ بندی اور آفیسران کی نااہلی کی وجہ سے التواء کا شکار ہوتے ہیں جس کو بار بار ریویجن کرایا جاتا ہے، نااہل آفیسران اور ٹھیکیداروں کی نااہلی سے علاقے کو نقصان ہورہاہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی ابتداء میں ان منصوبوں کیلئے درکار زمین کے حصول کیلئے معاوضے مقرر ہوتے ہیں لیکن معاوضوں کی بروقت ادائیگی نہ ہونے سے زمینوں کی قیمتیں زیادہ ہوتی ہیں اور قومی خزانے کو نقصان ہوتا ہے۔ گلگت بلتستان کے ترقیاتی عمل کو متاثر کرنے اور نااہل اور ٹھیکیداروں کیساتھ ملی بھگت کی وجہ سے منصوبوں کی ریویجن کا باعث بننے والے ملازمین کیخلاف سخت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے اور منصوبوں کی غیر ضروری ریویجن کی بھرپور حوصلہ شکنی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری برقیات کو ہدایت کی کہ محکمے میں ایسے آفیسران کیخلاف بلاتفریق محکمانہ کارروائی کی جائے جن کی وجہ سے گزشتہ 10 سالوں سے پاور کے اہم منصوبے التواء کا شکار ہیں۔ محکمے میں جزاء و سزاء کا سخت نظام نافذ کیا جائے۔ چند نااہل ملازمین اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے گلگت بلتستان کو مردہ منصوبوں کا مرکز نہیں بننے دیں گے۔ منصوبوں کی غیر ضروری ریویجن اور عرصہ دراز سے التواء کا شکار ہونے پر صرف انکوائریاں آرڈر کی جاتی ہے جن کو تکمیل تک نہ پہنچانے اور نااہل آفیسران کیخلاف کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے گلگت بلتستان کے عوام متاثر ہورہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ جی بی ڈی ڈبلیو پی فورم میں منصوبے پیش کرنے سے قبل نچلی سطح کے فورمز پر ان منصوبوں کی مکمل جانچ پڑتال اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کیخلاف جزاء و سزاء کا تعین کرنے کے بعد جی بی ڈی ڈبلیو پی میں منصوبوں کو پیش کیا جائے۔ سکردو میں بجلی کے بحران کی وجہ سے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں لیکن سکردو کیلئے زیر تعمیر منصوبوں میں چند نااہل ملازمین کی وجہ سے منصوبے التواء کا شکار ہورہے ہیں۔ سیکریٹری برقیات ایسے نااہل ملازمین کیخلاف بلاتفریق سخت کارروائی کریں۔ منصوبوں کے پی سی ون کی تیاری اور ڈرائنگ ڈیزائننگ کے عمل کو حقیقت پر مبنی بنایا جائے۔ دفاتر میں بیٹھ کر ناقص پی سی ون کی تیاری کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں کا ریویجن کرنا پڑتا ہے۔ جن منصوبوں کی التواء میں ٹیکنیکل سٹاف کی نااہلی ثابت ہو ان کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے۔ متعلقہ فورمز کی منظوری کے بغیر پی سی ون کے علاوہ اضافی کام کرنا غیر قانونی ہے لہٰذا تمام محکمے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ترقیاتی منصوبوں میں پی سی ون کے مطابق کام کریں۔ بغیر منظوری کے اضافی کام شامل کرنے والے آفیسران کیخلاف بھی محکمانہ کارروائیاں شروع کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے درکار زمین کے حصول کے باوجود زمین کے معاضوں کی ادائیگی کیلئے رقم مختص نہ ہونے کی وجہ سے متاثرین عرصہ دراز سے مختلف دفاتر کے چکر لگارہے تھے، بیشتر ملازمین نے عدالتوں سے رجوع کرکے اپنے حق میں بھی فیصلے لئے تھے۔ موجودہ حکومت نے پہلی مرتبہ سرکاری منصوبوں کیلئے حاصل کئے جانے والے زمینوں کی معاوضوں کی ادائیگی کیلئے خطیر رقم اس سال کے اے ڈی پی میں مختص کی ہے جس سے عرصہ دراز سے متاثر لوگوں کا مسئلہ حل ہوا ہے۔ اسی مد میں تمام اضلاع کیلئے 67 کروڑ 61لاکھ کی منظوری دی جارہی ہے۔

07:55:59 AM 29 August, 2024

گلگت۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے شگر میں 7 سالہ بچی کے زیادتی کی سوشل میڈیا پر پوسٹ کا سختی سے نوٹس

گلگت۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے شگر میں 7 سالہ بچی کے زیادتی کی سوشل میڈیا پر پوسٹ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی گلگت بلتستان کو ہدایت کی ہے کہ اس واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے مجرموں کی فوری گرفتاری عمل میں لائیں۔ درندگی کے اس واقعے میں ملوث مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ Chief Minister Gilgit-Baltistan

09:05:05 AM 28 August, 2024

گلگت۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سے متاثرین ایئرپورٹ کا نمائندہ وفد ملاقات کررہا ہے۔

گلگت۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سے متاثرین ایئرپورٹ کا نمائندہ وفد ملاقات کررہا ہے۔

09:00:22 AM 28 August, 2024

گلگت۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے قرشی گروپ کے اعلیٰ عہدیداروں سے گفتگو

گلگت۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے قرشی گروپ کے اعلیٰ عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان میں کام کرنے والے فلاحی اداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس حوالے سے صوبے کے دور دراز علاقوں میں صحت کے بہتر سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ قرشی گروپ کے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ مل کر اپنی سفارشات تیار کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں میڈیسنل پلانٹ بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ میڈیسن پلانٹ کی کوئی واضح پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے ان اہم میڈیسنل پلانٹ سے فائدہ نہیں لیا جارہاہے۔ میڈیسنل پلانٹ کی پالیسی تیار کرنے کیلئے متعلقہ محکمے کو ہدایت دی جائے گی تاکہ ان قدرتی وسائل سے استعفادہ حاصل کیا جاسکے۔

08:48:10 AM 28 August, 2024

گلگت۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہیلتھ ریفارمز کمیٹی اجلاس کے موقع پر گفتگو

گلگت۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ہیلتھ ریفارمز کمیٹی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روندو، کھرمنگ، گوریکوٹ، گوپس، داریل، تانگیر اور شگر کے 30 بیڈ ہسپتالوں کو مکمل فعال بنانے اور ان پسماندہ علاقوں کے عوام کو صحت کے بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے تشکیل دی جانے والی کمیٹی کے سفارشات کی روشنی میں سیکریٹری صحت آئندہ ایک ہفتے میں سمری تیار کرکے محکمہ پلاننگ میں جمع کرائیں تاکہ دور دراز علاقوں کے ان ہسپتالوں کو مکمل فعال بنایا جاسکے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری صحت کو کارڈک ہسپتال کو مکمل فعال بنانے کیلئے بائیو میڈیکل آلات کی خریداری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے سکردو 250 بیڈ ہسپتال کے تعمیراتی کام کے رفتار کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے صحت کے دیگر منصوبوں کیلئے بھی اس منصوبے کو ایک مثال قرار دیا جو مقررہ مدت سے قبل تکمیل کے قریب ہے۔ پی ایچ کیو ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری صحت او رپروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ اس اہم منصوبے کی رفتار کو تیز کریں۔ غیر ضروری ریویجن سے اجتناب کریں۔ مشاہدے میں آیا ہے کہ غیر ضروری ریویجن کی وجہ سے منصوبے التواء کا شکار ہوئے ہیں جس کی وجہ سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا ہے اور عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات بھی میسر نہیں آئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بہت جلد پی ایچ کیو ہسپتال کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے کیلئے سائٹ وزٹ کریں گے۔ ڈاکٹرز کی ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی کے نہ ہونے کی وجہ سے دور دراز کے ہسپتالوں میں عوام کو مشکلات درپیش ہیں۔ سیکریٹری صحت آئندہ کابینہ اجلاس سے قبل ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی کو حتمی شکل دے کر کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کریں۔ٹرانسفرپوسٹنگ پالیسی کی منظوری میں مزید تاخیر نہیں کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے چلاس ہسپتال کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے ڈیزائننگ کا ازسر نو جائزہ لے کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہسپتال کی تعمیر جدید تقاضوں کے مطابق سٹرکچر تعمیر کریں اور مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ میڈیکل اور نرسنگ کالج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان کیلئے یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے ٹائم لائن وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں جمع کرائیں تاکہ اس منصوبے میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں میں صفائی کے فقدان کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں صفائی کو یقینی بنانے کیلئے ایسے سٹاف کی بھرتیاں کریں جو صفائی کا کام کرسکیں۔ پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ہسپتالوں کی صفائی کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کے ساتھ معاہدہ کیا جائے تاکہ ہسپتالوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے۔

08:46:00 AM 28 August, 2024

گلگت۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بلوچستان ضلع موسٰی خیل میں دہشت گردی کے واقع کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم اور بےگناہ شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہوا۔

صوبائی حکومت اپنے غمزدہ خاندانوں کی دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے دہشت گردی کو شکست دیں گے۔قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ دہشت گردی کے واقعات میں ہمارے سیکورٹی اداروں کے جوانوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، شہداءکی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جو لوگ زخمی ہوئے، ان کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں،جنھوں نے وطن کی خاطر قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی غمزدہ خاندانوں کوصبرو حوصلہ عطا فرمائے اور اللہ تعالٰی جاں بحق ہونے والوں کو جنت الفردوس عطا فرمائے۔

08:39:45 AM 28 August, 2024