یوتھ پالیسی 2024 کی کابینہ سے منظوری مل گئی۔صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی راجہ ناصر علی خان
گلگت بلتستان یوتھ پالیسی صوبائی حکومت کا ایک اہم اقدام ہے، جس کا مقصد خطے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریا زمان
یقین دلاتا ہوں صوبائی حکومت یوتھ کو ساتھ لےکر چلے گی۔معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز و کامرس ذبیح اللہ
یوتھ کی کونسلنگ اور پالیسیز وضع کرنے کی ضرورت ہے۔مشیر وزیر اعلیٰ برائے ایریگیشن،واٹر منیجمنٹ حسین شاہ
گلگت بلتستان کی جغرافیائی حیثیت کو دیکھتے ہوئے پالیسی مرتب کی گئی ہے اور یوتھ کو فیصلہ سازی میں شامل کیا گیا ہے۔
سیکریٹری سوشل ویلفیئر،پاپولیشن ویلفیئر، وومن ڈیویلپمنٹ، ہیومن/ چائلڈ رائٹس رائٹس اور یوتھ افیٔرز گلگت بلتستان فدا حسین
گلگت۔21 مئی 2024۔
محکمہ سوشل ویلفیئر و یوتھ افیئرز کی جانب سے یوتھ ریسورسز سینٹر جوٹیال گلگت میں گلگت بلتستان یوتھ پالیسی 2024ء کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا،
جس میں صوبائی وزراء، معاونین خصوصی ،مشیر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان،اسٹیک ہولڈرز،یوتھ اور UNFPA کے حکام شریک تھے۔سیکریٹری سوشل ویلفیئر، پاپولیشن ویلفیئر، وومن ڈیویلپمنٹ،ہیومن/ چائلڈ رائٹس رائٹس اور یوتھ افیٔرز گلگت بلتستان فدا حسین نے صوبائی وزراء کو یوتھ پالیسی کے حوالے سے تفصیلی بریگنگ دی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی راجہ ناصر علی خان نے کہاکہ یوتھ پالیسی 2024ء کی کابینہ سے باقاعدہ منظوری مل گئی ہے،گلگت بلتستان کی بہترین اور روشن مستقبل یوتھ سے وابسطہ ہے۔نوجوان نسل کو تعصبات سے نکل کر گلگت بلتستان کے حوالے سے سوچنا ہوگا،اچھی پالیسیز کو سراہنا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سپیشل پرسنز جو کہ معاشرے کے لئے رول ماڈل ہیں،ان کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے،اس حوالے سے دنیا کے بہت سے آرگنائزیشن تعاون بھی کرسکتے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریا زمان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان یوتھ پالیسی صوبائی حکومت کا ایک اہم اقدام ہے، جس کا مقصد خطے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے۔انہوں نے نوجوانوں میں مثبت اور تعمیری سوچ کے فروغ کیلئے UNFPA اور سوشل ویلفیئر و یوتھ افیئرز سمیت دیگر نجی و سرکاری اداروں کی کاوشوں کا بھی خیر مقدم کیا۔معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز و کامرس ذبیح اللہ نے کہاکہ میں یقین دلاتا ہوں کہ صوبائی حکومت یوتھ کو ساتھ لےکر چلے گی۔وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان یوتھ کے حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات کررہے ہیں۔ہم پالیسی کی عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔مشیر وزیر اعلیٰ برائے ایریگیشن،واٹر منیجمنٹ حسین شاہ کا کہنا تھا کہ یوتھ کی کونسلنگ اور پالیسیز وضع کرنے کی ضرورت ہے۔نوجوانوں کی کردار سازی اور ان میں مثبت سوچ کے فروغ کیلئے والدین، اساتذہ سمیت کمیونٹی کو بھی اپنا رہنما کردار ادا کرنا ہوگا۔نوجوان نسل کے مسائل کا روایتی حل تلاش کرنے کے بجائے جدید دور کے حالات سے ہم آہنگ پالیسی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔UNFPA کی رہنما زہرہ جبین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں یوتھ کی ترقی کیلئے ہمارے ادارے کی جانب سے بھرپور معاونت جاری رہے گی۔سیمینارسے یوتھ پالیسی کنسلٹنٹ الطاف حسین و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور نوجوانوں کیلئے کیرئیر کونسلنگ،نوجوانوں میں مثبت تبدیلی اور رضاکارانہ و قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کیلئے اقدامات پر زور دیا۔
قبل ازیں صوبائی وزیر پلاننگ راجہ ناصر علی خان، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریا زمان، معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز ذبیح اللہ و دیگر نے یوتھ ریسورس سنٹر جوٹیال گلگت میں کیفیٹریا کا بھی افتتاح کیا،جس کا قیام سوشل ویلفیئر و یوتھ افیئرز نے UNFPA کے تعاون سے عمل میں لایا گیا ہے۔
##
03:56:14 AM
22 May, 2024